محکمہ تعلیم کے ملازمین کے احتجاج کے پیش نظرکراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔امتحانات کا آغاز اب یکم اپریل سے ہوگا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، محکمہ تعلیم کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث امتحانات کی تیاری مکمل نہیں۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردارشاہ نے اعلان کیا ہے کہ اب کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے شروع ہوں گے۔
آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن اور لوئراسٹاف نے کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا جس سے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے خطاب کیا۔
سردارشاہ نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں کوئی کنٹرولنگ اتھارٹی بننے نہیں جارہی ، ملازمین نے احتجاج اسپیشل ایجوکیشن کے اسکولوں کو این جی او کے حوالے کرنے کیخلاف کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور زئی نے بھی نویں اور دسویں جماعت کے 25 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔