پاکستان سے اسٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کو بلندیوں پر لیجانا چاہتے ہیں، چینی صدر

چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے یوم پاکستان پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ سدا بہار اسٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کو اعلیٰ بلندیوں پر لے جانے کا خواہاں ہے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ خطے کے امن و ترقی میں بھی اس کا مثبت کردار ہوگا، سی پیک متعدد شعبوں میں ثمر آور نتائج کے ساتھ ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے

چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر  عارف علوی کے نام پیغا م میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت استحکام برقرار رکھنے ، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور اقتصادی ترقی تیز کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے ، خوش ہیں کہ اس سلسلے میں نتائج حاصل کیے جا چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ صدر عارف علوی اور حکومت پاکستان کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر میں نئی پیش رفت ہو گی

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ خطے کے امن و ترقی میں بھی اس کا مثبت کردار ہوگا ۔ شی چن پنگ نے کہا کہ میں خطے کے امن و ترقی میں مثبت کردار کے لئے چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتاہوں، ہم چاہتے ہیں کہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کی جائے۔