تمام ممالک کا احترام کرتے ہیں، امن کی خواہش کمزوری نہیں، صدرمملکت عارف علوی

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہماری اصل جنگ غربت اور افلاس کے خلاف ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو یوم پاکستان مبارک ہو، آزادی کی نعمت دینے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے آج کے دن تحریک آزادی کے سفر کا آغاز کیا، تمام ملکوں کی خود مختاری اور سلامتی کا احترام کرتے ہیں،امن کی خواہش کوہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ایک حقیقت ہے، ہندوستان کو بھی اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں مگر اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں، بھارت کا رویہ غیرذمے دارانہ رہا ہے، بھارت نے دھمکی آمیز بیانات سے جنگ کی فضا قائم کی، پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آزادی کا حصول قربانی کا متقاضی ہوتا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی و مالی قربانیاں دیں، آج پاکستان ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، دہشت گردی دنیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی گھڑسوار دستوں کے ہمراہ بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔