وزیراعلیٰ سندھ کی مفتی تقی عثمانی کے گھر آمد، گارڈ کی شہادت پر اظہار تعزیت

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں بچ جانے والے ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کے گھرپہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ مفتی تقی عثمانی کے گھرپہنچے اور انہوں نے مفتی تقی عثمانی کی خیریت دریافت کی۔

مفتی تقی عثمانی نے بتایا کہ ان کی گاڑی پر چاروں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ اللہ پاک نے آپ پر کرم کیا اور آپ کو اور اہل خانہ کو محفوظ رکھا۔

مراد علی شاہ نے واقعے میں سندھ پولیس کے شہید ہونے والے اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید اہلکار کے خاندان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ان کے نابینا بچوں کا علاج کرائیں گے اور انہیں تعلیم بھی دلوائیں گے۔