کراچی : کرائسٹ چرچ میں شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی 25مارچ کو پاکستان لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ حملےمیں شہید ہونے والے اریب کا جسد خاکی صبح ساڑھے10بجے پرواز ای کے600سے کراچی لایا جائے گا، شہید اریب کا جسد خاکی ایئرپورٹ سے ان کی رہائش گاہ ایف بی ایریا پہنچایا جائے گا۔
اریب کی نمازہ جنازہ 25مارچ کو سہ پہر3بجے دستگیر نمبر نو میں ادا کی جائے گی، شہید سید اریب کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کی جائے گی۔
کراچی سے نیوزی لینڈ جانے والے سید اریب احمد کے بارے میں ان کے ایک رشتے دار محمد مظفر نے بتایا کہ’وہ ہمیشہ سے ایک دین دار لڑکا تھا، نماز کی پابندی کرتا اور پڑھائی اس کے لیے پہلی ترجیح تھی۔اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہوئے وہ اپنے والدین کے ایک ہی بیٹے تھے اور ان کی ایک چھوٹی بہن ہیں۔