کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک گھر کے مالک نے اپنے ہی ڈرائیور کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔ زخمی ملازم کے خلاف کم سن لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
گذری پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بنگلے پر ملازم 20 سالہ محمد عرفان کو گھر کے مالک نے گولی ماری۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عرفان نے مبینہ طور پر بنگلے پر کام کرنے والی ایک ملازمہ کی لڑکی سے اسی بنگلے میں دو روز قبل زیادتی کی تھی۔ لڑکی کی والدہ نے گھر کے مالک سے شکایات کی جس پر گھر کے مالک نے عرفان کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تاہم تسلی بخش جواب نہ ملنے پر اسے ڈرانے کے لیے گولی چلا دی جو عرفان کو لگی۔
پولیس کے مطابق عرفان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ جناح اسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق گولی نوجوان کی ران میں لگی ہے۔
تھانے میں پولیس نے لڑکی کی والدہ کی درخواست پر عرفان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ لڑکی کا طبی معائنہ آج اتوار کو کرایا جائے گا۔
تاہم پولیس نے ڈرائیور کو گولی مارنے والے گھر کے مالک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے ایک پولیس پارٹی عرفان کا بیان لینے پہنچے تھی تاہم اس نے کہا ہے کہ وہ اپنے علاج کے بعد مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرے گا۔