کوئٹہ کےعلاقے ٹین ٹائون میں گیس لیکج کے باعث گھر میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق، 4 بچے زخمی ہو گئے، دھماکے سے گھر کے 2 کمرے بھی منہدم ہوئے۔
پولیس کے مطابق ٹین ٹائون مدنی اسٹریٹ میں واقع سجاد کے گھر میں گیس لیک تھی جونہی صبح اہل خانہ نے ہیٹرجلانے کے لئے ماچس جلائی تو اچانک زوردار دھماکہ ہوا جس سے سجاد اور اسکے چار بچے مبشر، مدثر، عثمان اورعظیم زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے فوری طبی امداد کے بعد انہیں بی ایم سی کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا، بتایا گیا ہے کہ سجاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دھماکے سے گھر کےدو کمرے منہدم ہو گئے اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔