لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاکستان کی بہادرافواج نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہناتھاکہ پاکستان خطے میں امن کا داعی اور پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے،جنہوں نے ہر مشکل وقت میں مادرِ وطن کے دفاع اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو دندان شکن شکست دی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کے استحکام و ترقی کو ہر شے پر مقدم رکھنے کا عزم کریں اور ان قوتوںکے حوصلے پست کریں جو محض ذاتی اور سیاسی مفادات کی خاطر قومی وقار کو داؤ پر لگارہے ہیں، جو عناصر ملک دشمن بیانیہ کے ترجمان ہیں انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان کے عوام جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور وہ ملک دشمن ایجنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔