جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق تحقیقات میں طلبی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج نیب میں پیش ہوں گے۔ وہ نیب میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آج ایک اور بڑی پیشی ہوگی، نیب راولپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ، دادوشوگرملز کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے۔ ان کو تحریری سوال نامہ بھی دیا جائے گا، مرادعلی شاہ کا بیان ڈی جی نیب عرفان منگی خود ریکارڈ کریں گے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈ سمیت 26 مارچ کو طلب کیا تھا، مگر انہوں نے 25 مارچ کو پیش ہونے کی استدعا کی جو نیب نے منظور کر لی تھی۔ مراد علی شاہ آج نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں گے۔
نیب کا دعویٰ ہے کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
قومی احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہا ہے جس کے دوران بہت سی اہم باتیں سامنے آئیں۔