وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فریڈریکا موغیرینی نے ملاقات کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات ہوئے، اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین نے نئے اسٹریٹجک پلان پر گفتگو کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لیے اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری اور گورننس سمیت کئی معاملات پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کا حل بات چیت ہی ہے، ایٹمی طاقت کے حامل دو پڑوسی ملک جنگ کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں، یہ پاگل پن ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ کو فوری رہا کیا، پاکستان نے موجودہ صورت حال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فریڈریکا موغیرینی نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ برسوں میں یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات فروغ پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے،غربت کے خاتمے اور دیگر حکومتی ترجیحات کے منصوبوں پر پاکستان سے تعاون کریں گے۔