نوازشریف کے متعلق عدالتی فیصلہ قبول، شہباز کا فیصلہ چیلنج کریں گے، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف سے متعلق عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ بےنقاب ہوگیا، وہ کہتے ہیں بیماری نہیں، جیل میں ذہنی دباؤ ہے، دیکھیں گے کہ نوازشریف کانام ای سی ایل میں ڈالنےکی ضرورت ہے یا نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں پلی بارگین کا قانون موجود ہے، نواز شریف پاکستان کے لوگوں کے پیسے واپس کریں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے نئی سیول ایوی ایشن پالیسی منظور کرلی جس کا مقصد ہوا بازی سے متعلق صنعتوں کی بحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اوپن اسکائی پالیسی ختم کی جارہی ہے جبکہ ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کسی غیرملکی کو پاکستان میں کہیں جانے کے لیے این او سی کی شرط ختم کردی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں برس نومبر میں کرتارپور کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں بلند عمارتیں بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، آئندہ ماہ سے 170 ممالک کے شہریوں کو ای ویزہ سہولت ملے گی۔

انہوں کہا کہ برطانیہ، ترکی، یواے ای، سعودی عرب کو ای ویزہ سہولت دی جارہی ہے۔