بلاول بھٹو کا ٹرین مارچ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد پہنچ گیاہے۔
حیدر آباد میں جمع ہونے والے جیالوں سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کوئی ٹرین مارچ نہیں ،ابھی سے وزیراعظم ہاؤس سے چیخوں کی آوازیں آرہی ہیں، جب لانگ مارچ کریں گے تو ان کو لگ پتہ جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹونے شہاد ت قبول کی لیکن اپنے نظریے پر یوٹرن نہیں لیا، غیر جمہوری طاقتیں سمجھی تھیں کہ بےنظیر کو شہید کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کیا جاسکتا ہے ، غریب کی آواز کودبایا جاسکتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ چار اپریل کو بھٹو کا یوم شہاد ت ہے جہاں ہر سال کی طرح اس بار بھی اکٹھے ہونگے ، محترمہ شہید نے آمروں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو للکارا ۔
انہوں نے کہا کہ دیکھ لیں پیپلزپارٹی آ ج بھی موجود ہے ، یہ آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ اور فکر سے ڈرتے ہیں جب قومی اسمبلی میں شہیدذوالفقار علی بھٹو کا نام لیا جاتا ہے تو ان کے وزیر جل بھن جاتے ہیں اور ان کی چیخیں نکلتی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ2018کے انتخابات میں بھرپور دھاندلی کی گئی ، ہمیں پنجاب ، کے پی اور جگہ جگہ الیکشن کمپئین کرنے سے روکا گیا۔ لیاری میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔ فارم 45آج تک نہیں مل سکا۔
بلاول نے کہا جو یہ لوگ دھاندلی کے ذریعے نہیں حاصل کرسکے اب نیب گردی کے ذریعے سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم احتساب سے خوفزدہ نہیں ، جب احتساب ہوتا ہے تو جمہوریت زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ ہم احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کو نہیں مانتے۔
بلاول بھٹو نے کہا ہم احتساب کے نام پر سیاسی انجینئرنگ کو نہیں مانتے۔ یہ کس قسم کا احتساب ہے جب ایک کیس کراچی کا کیس ہے۔ کراچی میں ایف آئی آر درج ہوئی ملزم بھی کراچی میں ہیں تو آخر پنڈی میں ٹرائل کیوں کیا جارہاہے؟ اس سے کیا پیغام دیا جارہاہے ؟ اس سے یہ پیغام دیا جارہاہے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔
ہم احتساب سے خوفزہ نہیں یہ رول آف لا کے خلاف ہے کیس کراچی کا ہے ٹرائل پنڈی میں کیوں؟ ہم جانتے ہیں بھٹوز کے لیے ہمیشہ پنڈی میں کربلا بپا کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیاہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ عدالتیں آزاد ہونگی تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔
ہم عدالت کے ہر فیصلے کو قبول بھی کرلیتے ہیں مگر جب انصافی ہوتو اس پر آواز بھی بلند کرتے ہیں۔ کیا ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا کیس سست روی کا شکار نہیں ہے؟
کیا بھگوڑے مشرف کا کیس اور اصغر خان کیس سست روی کا شکار نہیں؟ اگر بے نامی اکائونٹس انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے تو لاپتہ افراد کیس بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے
ان کا کہناتھا کہ میڈیا پر پابندی بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ امید ہے عدالت اس پر بھی از خود نوٹس لیکر عوام کو انصاف فراہم کریگی۔
کوٹری پہنچنے پر ٹرین مارچ سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی کو اپنے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرنے دیں گے۔ہم اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ کرپشن کا نام لے کر سیاسی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی نے غیرجمہوری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے ۔ یہ سمجھتے ہیں بے نظیرکابیٹا ڈرجائےگا یا جھک جائےگا۔