وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ گیس کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرپیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے وقت سلیبز کے تعین میں کوتاہی ہوئی، ہم پہلے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کر چکے ہیں، اور اب اس کے ازالے کے لیے صارفین کو اضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کردیں گے۔
وزیرپیٹرولیم نے بتایا کہ گیس کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاہم گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد سے کم اضافہ ہوگا۔
غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ زیرِسمندر تیل و گیس کی دریافت کے حوالے سے اچھی خبر کی امید ہے، وزیر اعظم نے تین ہفتوں میں خوشخبری دینے کی بات کی ہے،اب تک جو معلومات مل رہی ہیں اس سے توقع ہے کہ بڑا ذخیرہ ملے گا۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ابھی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے کچھ دن انتظار کرنا ہوگا پھر حتمی اعلان کریں گے۔