پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ مہنگائی اور بے روز گاری کے سونامی نے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے، وہ بغاوت کے لیے تیار ہیں، بس پارٹی قیادت کے ایک اعلان کی ضرورت ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ کونسی ایسی چیز ہے جو مہنگی نہیں ہوئی؟یہ مہنگائی اور بے روز گاری کا طوفان ہی حکمرانوں کو لے کر ڈوبے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے سخت پریشان اور بغاوت کا فیصلہ کرچکے ہیں،صرف پارٹی قیادت کے ایک اعلان کی دیر ہے، جو کہتے تھے کہ پپپلز پارٹی میں احتجاج کی طاقت نہیں وہ یہاں حیدرآباد اسٹیشن پر ہی دیکھ لیں ۔
انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام میں رہتے ہیں اور اللہ پر بھروسہ رکھتے ہیں، ہمیں کنٹینر کی ضرورت نہیں لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں آپ کو کنٹینر پر کس نے بیٹھایا تھا؟
انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں نے دن گنے جاچکے ہیں اور اُن کی نیندیں حرام ہورہی ہیں، اب تو ان کے پاس گالیاں بھی ختم ہوچکی ہیں اور آنے والے دنوں میں کچھ مزید وزیروں کی بولتی بند ہوجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ اب حکمرانوں کو اپنی شکست تسلیم کرلینا چاہیے۔