وزیراعظم عمران خان کے سیکرٹری اعظم خان کوگریڈ 22میں ترقی دے دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ترقیاں اور تقرریاں کی گئی ہیں، گریڈ 22میں ترقی پانے والوں میں وزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان بھی شامل ہیں جو ترقی کے بعد بھی سیکریٹری وزیراعظم کی ذمے داریاں ادا کریں گے۔
آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی گریڈ 22میں ترقی ہوئی ہے اور وہ بدستور آئی جی موٹروے خدمات سرانجام دیں گے، ظفر حسن کو گریڈ 22میں ترقی کے بعد وفاقی سیکریٹری پلاننگ تعینات کیا گیا ہے جب کہ حسن ناصر جامی گریڈ22میں ترقی کے بعد وفاقی سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی مقرر کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل سیکریٹری انچارج پیٹرولیم میاں اسد حیاالدین کو گریڈ 22میں ترقی دے کر سیکریٹری پیٹرولیم تعینات کیا گیا ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ اعجاز احمد جعفر، عمر رسول حبیب الرحمان گیلانی، ناہید درانی کو بھی گریڈ 22میں ترقی دی گئی ہے،محمد اسلم کمبوہ کوگریڈ 22میں ترقی کے بعد وفاقی سیکرٹری سرحدی امور تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پانچ افسران کی ترقیوں اور قرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں جب کہ وزیر اعظم کی منظوری سے 7افسران کی نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔