افغانستان میں عبوری حکومت سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان کی وضاحت

افغانستان کی عبوری حکومت سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر اعظم کا بیان ویڈیو میں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، وزیر اعظم نے پاکستان کے نظام کا حوالہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نگراں حکومت کے تحت انتخابات ہوتے ہیں، وزیر اعظم کے بیان کو افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہ سمجھا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغان قیادت میں امن عمل کی کامیابی کے علاوہ کسی قسم کے مفاد کی خواہش نہیں رکھتا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے ذاتی دلچسپی لی ہے،افغان مفاہمتی عمل کے اہم موڑ پر پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔