وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس کم اور خیرات زیادہ دیتے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان اشرافیہ کا ملک بن کر رہ گیا ہے، تمام سہولتیں اور طاقت ایک چھوٹے سے طبقے کے قبضے میں ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں بین الاقوامی ہاؤسنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ مکانات کی کمی ہے۔ 50 لاکھ گھر بنانے میں مشکلات آئیں گی، ہمارے پاس اس منصوبے کے لیے اسٹرکچر نہیں اور مورگیج کا نظام بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کی ٹاسک فورس محنت سے کام کر رہی ہے، اپریل میں اس منصوبے کا افتتاح ہونے کے بعد تیزی سے کام ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم جلدی میں بھی یہ منصوبہ شروع کرسکتے تھے، لیکن اپنا کام مکمل کرکے افتتاح کا فیصلہ کیا ہے،اس منصوبے سے نچلے طبقے کے لیے اپنے گھر کا حصول ممکن ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد نچلے طبقے کو گھر فراہم کرنا ہے، اسلام آباد میں اتنی مہنگی زمین ہے، کون سا غریب آدمی مکان رکھ سکتا ہے۔