جواد احمد تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔فائل فوٹو
جواد احمد تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔فائل فوٹو

گلوکار جواد احمد کو عمران خان پر تنقید مہنگی پڑ گئی

گلوکار جواد احمد نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا شروع کیا تو پی ٹی آئی کے کارکنان نے نعرے بازی شروع کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد آرٹس کونسل میں سوشل میڈیا سیمینار میں مہمان خصوصی معروف گلوکارجواد احمد نے اپنی تقریر میں وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا، جس پر تقریب میں موجود پی ٹی آئی کے کارکنان کھڑے ہوگئے، اور نعرے بازی شروع کردی اور جواد احمد کو مجبوراً تقریب چھوڑ کر جانا پڑا۔

جواد احمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے  ملک کے سابق حکمرانوں پر تنقید کی اور ساتھ ہی موجودہ وزیر اعظم عمران خان پر بھی تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور نوازشریف ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، سب غریبوں کا خون چوس رہے ہیں

ان کا کہناتھا کہ  ملک میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔  جس پر حاضرین نے شور مچا دیا اور  تحریک انصاف کے ایک نوجوان  نے اسٹیج پر جا کر جواد احمد کا مایئک بند کردیا اور وزیر اعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے۔

تقریب میں شرکا کی شدید نعرے بازی اور غم و غصے کو بھانپتے ہوئے جواد احمد کو اپنی تقریر ادھوری چھوڑنا پڑی، اور وہ تقریب چھوڑ کر ہی چلے گئے، تاہم منتظمین اور حاضرین میں سے کسی نے بھی انہیں جانے سے نہ روکا۔