وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد مزید مستحکم ہوچکے ہیں، میرے دورے کا مقصد پاک سعودی ثقافت کو فروغ دینا ہے
نجی ٹی وی کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک و قوم کا پیسہ لوٹا ہے اسے واپس کرنا ہوگا احتساب کا عمل یکساں طور پر کیا جا رہا ہے اور نیب ایک خود مختار ادارہ ہے جو اپنے قانون کے مطابق کام کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے ریاض میں پاکستانی میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف خود کو مہاتما گاندھی، ابو الکلام آزاد، نیلسن منڈیلا کی صورت میں خود کو پیش کرتے ہیں کہ انہیں ان کی کرپشن کے برعکس ریلیف دے دیا جائے مگر ایسا نہیں ہوگا قوم کا پیسہ قوم کو واپس کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو جو رہائی سپریم کورٹ کی جانب سے ملی ہے اسی کی آفر حکومت انہیں کر رہی تھی کہ وہ اپنی من مرضی کا علاج کروائیں اور جس ڈاکٹر سے کروانا چاہتے ہیں اس سے کروائیں مگر ہم کسی صورت ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اب ملزم نہیں بلکہ مجرم ہیں اور کرپشن اور بدعنوانی کے مقدمے میں سزا پا چکے ہیں اور انکو وہ سزا پوری کرنی ہوگی۔