وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور دیگر حکام نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کوئٹہ میں نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے، انہیں کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں اور سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی ۔
وزیراعظم عمران خان سے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات بھی ہوگی۔ وہ امراض قلب اسپتال اورکچلاک تا ژوب روڈ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کوئٹہ سے وفد کے ہمراہ آج سہہ پہر گوادر پہنچیں گے، جہاں وہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یہ ملک کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا جو چین کے اشتراک سے 3 سال میں مکمل ہو گا۔
وزیراعظم دو روزہ گوادر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت بھی کریں گے، جبکہ وہ گوادر کے سیاسی و قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم آج ہی گوادر سے کراچی کے لیے روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم 2 روزمیں کوئٹہ اور گوادر کے بعد کراچی، گھوٹکی اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔