25 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر ٹیکس لگانے کی تردید

ایف بی آر نے نان فائلرز کے 25 ہزار روپے سے زائد کیش نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے کی تردید کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں 25 ہزار سے زائد کیش نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس یا اس کی حد میں رد وبدل کی تردید کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اِنکم ٹیکس آرڈیننس میں سیکشن اے 231 اور 231 اے اے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، 50 ہزار سے زائد کیش نکالنے پر نان فائلر 0.6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرے گا جبکہ نان فائلر پر 25 ہزار سے زائد کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بنوانے پر 0.6 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا۔

ایف بی آر کا کہنا ہےکہ فائلر کے لیے بینکنگ ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا گیا ہے اس لیے بینکنگ سسٹم میں ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ کا اطلاق صرف نان فائلر پر ہوگا۔