پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے مشترکہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا فیس بک پر ایک پیغام میں کہنا ہے کہ ان منصوبوں میں کارڈیک سینٹر کوئٹہ، ژوب روڈ موٹروے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ کوئٹہ کے کارڈیک سینٹر پراجیکٹ کو یو اے ای حکومت کی مالی معاونت حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہا کہ کوئٹہ میں ماحول دوست بائیو میڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا، کوئٹہ ژوب روڈ کچلاک، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ کے درمیان سے گزرے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ سڑک کی تعمیر سے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، کوئٹہ ژوب روڈ مغربی کوریڈور کے متبادل کے طور پر استعمال ہوگا۔