وزیراعظم عمران خان نے لاہور سے کراچی تک نان اسٹاپ وی آئی پی ٹرین ’’جناح ایکسپریس‘‘ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیرریلوے شیخ رشید احمد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ برصغیر میں ریلوے کے نظام میں ہم پیچھے ہیں، ریل سے عام آدمی سفر کرتا ہے اس کوبہتر کرنا ہوگا جس سے سڑ کوں پر سے رش کم ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے انقلاب آئے گا جس سے کراچی سے لاہور تک لوگوں کو سفر میں آسانی ہوگی جب کہ تیل ٹینکر مافیا چھایا ہوا ہے لیکن میں اس بات کا وعدہ کرتا ہوں کہ وزارت پیٹرولیم سے بات کروں گا کہ وہ پیٹرولیم کی ترسیل کےلیے ریلوے کو استعمال کریں جس سے ریلوے کو خسارے سے نکالا جاسکتا ہے اور اس سے بھی سڑکوں پر گاڑیوں کا رش کم ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ملازمین کے لیے ہیلتھ کارڈ اور تنخواہوں میں اضافے کے لیے درخواست کی ہے، اس معاملے پر وزارت خزانہ سے مشورہ کر کے اعلان کروں گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری لانے کےلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ پڑوسی ملک چین کی تکنیکی معاونت کی مدد سے ریلوے کے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
اس موقع پر شیخ رشید نے مخالفین پر تنقید کے خوب نشتر برسائے، ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ سابقہ حکومتوں نے ریلوے سے صرف کمیشن بنایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے، ریلوے کی بہتری سے سیاحت کو بھی فروغ ملے گا، ریلوے کے جدید نظام کے لئے اگلے ماہ چین کا دورہ بھی کریں گے۔