ترجمان پنجاب حکومت نے ملنےوالےنئےاختیارات کی وضاحت کردی

لاہور  :  ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے ملنے والے نئے اختیارات کی وضاحت کردی، انہوں نے کہاکہ محکموں کی کارکردگی جانچنا میرا اختیار نہیں ، محکموں کی کارکردگی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کروں گا ۔

تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ میں ان محکموں کا دورہ کروں گا اور ان کی کارکردگی جانچ کر ، اس کی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کودوں گا ، وہ ایسے احکامات پہلے بھی مختلف لوگوں کودیتے رہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکموں کی کارکردگی جانچنا میرا اختیار نہیں ہے ، میں اداروں کا دورہ کروں گا اور رپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کروں گا ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے اختیارات تفویض کئے جارہے ہیں اور اس حوالے سے مختلف افواہیں بھی گردش میں تھیں ، بعض حلقوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اختیارات کم کرنے کا اشارہ بھی دیا جارہا تھا ۔