پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اورجہانگیر ترین کے درمیان ایک بار پھر لفظی گولہ باری شروع ہوگئی ہے۔
وزیر خارجہ اور رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے بے پناہ خدمات ہیں تاہم وہ سرکاری اجلاسوں میں بیٹھ کر اپوزیشن کو باتیں کرنے کا موقع دے رہے ہیں، جب جہانگیر ترین سرکاری میٹنگ میں بیٹھتے ہیں تو مریم نواز کو بولنے کا موقع ملتا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب جہانگیر ترین سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو وہ چیف جسٹس کے فیصلے کی تضحیک کرتے ہیں کیونکہ وہ اس فیصلے کے بینچ میں شریک تھے لہذا میری گزارش ہے کہ جہانگیر ترین ایسا نہ کریں کہ جس سے انگلیاں اٹھیں۔
جہانگیر ترین نے اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کے ذریعے ردعمل کا اظاہر کرے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہی شخص ہے جسے اپنا لیڈر تصور کرتا ہوں اور اُسی کو جوابدہ ہوں، اس کا نام عمران خان ہے۔
There's only one man in my life whom I consider my leader & to whom I'm answerable. His name is Imran Khan. I've stood by his side through thick and thin and will continue to do so till my last breath, IA. What others may say for their own strange reasons does not concern me .
— Jahangir Khan Tareen (@JahangirKTareen) April 1, 2019
انہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وزیراعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں، سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف اور صرف وزیر اعظم کو جواب دہ ہوں۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان کی خدمت میرا حق ہے اور اس حق کو شاہ محمود سمیت کوئی بھی مجھ سے چھین نہیں سکتا۔
ہانگیر ترین نے کہا کہ اپنی آخری سانس تک عمران خان کے ہر مشکل اور اچھے وقت کے ساتھ کھڑا ہوں، دوسرے اس حوالے سے کیا کہتے ہیں اس سے مجھے کوئی غرض نہیں۔
یاد رہے کہ انتخابات 2018 کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابات میں کامیابی کے بعد وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر بھی تحریک انصاف کے دونوں رہنما کھل کر آمنے سامنے آئے تھے۔