دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیالکیا گیا۔فائل فوٹو
دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیالکیا گیا۔فائل فوٹو

شاہ محمود قریشی اور امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کے خاتمے کو ضروری قرار دیا۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت پاکستان کے اقدامات اور  بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے آگاہ کیا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیرخارجہ نے امریکی ہم منصب کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک امریکہ باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکہ کا کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، پاک بھارت تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کردار ادا کرے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک امریکا وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران افغان امن عمل پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تبادلے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انٹرا افغان مذاکرات اس مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہیں۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے امریکی اور پاکستانی قیادت کے مابین روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔