جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے پہلی ریکوری کرتے مرکزی ملزم یونس کوڈواوی سے 60 کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ ریکور کرالیا۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلا عبوری ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا جس کی منظوری گزشتہ روز نیب ایگزیکٹو بورڈ نے دی تھی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری ریفرنس میں یونس کوڈواوی اور دیگر 8 ملزمان شامل ہیں جب کہ مرکزی ملزم یونس کوڈواوی نے تحریری طور پر 60 کروڑ روپے مالیت کی زمین نیب راولپنڈی کو واپس کردی۔
ذرائع کے مطابق ملزم یونس کوڈواوی پر کراچی میں مندر اور لائبریری کی زمین غیر قانونی الاٹ کرانے کا الزام تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم یونس کوڈواوی پارک لین اسٹیٹس میں سابق صدر آصف زرداری کا بزنس پارٹنر ہے۔
واضع رہے کہ منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اُس وقت اٹھایا گیا، جب مرکزی بینک کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔
ایف آئی اے نے ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔