وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے شمالی علاقہ جات جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات کہیں نہیں دیکھے۔
اسلام آباد میں سیاحتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی سیاحت کرچکا ہوں، پاکستان جیسے ساحل کسی ملک میں نہیں، ساحلی سیاحت شایدہی کسی ملک میں پاکستان جیسی ہو۔
عمران خان نے کہا کہ امریکہ اور یورپ سے پاکستانی شمالی علاقوں میں سیاحت کے لیے آتے تھے، 15 سال کی عمر میں وہاں گیا تو تمام ہوٹلز بک ملے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری سے سب سے زیادہ منافع ہے، ملائیشیا میں صرف ساحلی سیاحت ہے اور وہ اس سے 20 ارب ڈالر کماتا ہے جبکہ ترکی 40 ارب ڈالر کماتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب بھی ایسے سیاحتی مقامات ہیں جو اب تک دیکھے نہیں گئے، دنیا میں لوگ سیاحوں سے پیسے بناتے ہیں۔
اسلام آباد میں اونچی عمارتوں کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون آجائے گا تو اسلام آباد میں اسکائی اسکریپرز بنائے جاسکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ساری دنیا میں اونچی عمارتیں بنائی جاتی ہیں، اس سے ہمارے گرین ایریاز بچیں گے، اسلام آباد مری تک پھیل گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے لیے ویزہ پالیسی آسان کی، حکومت کا کام سڑک بنانا، رکاوٹ دور کرنا اور تحفظ دینا ہے باقی کام نجی شعبے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اورلوگوں کو روزگار ملے گا، ہمارے لوگوں میں مہمان نوازی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کی وجہ سے گزشتہ 5 سال میں خیبرپختونخوا میں غربت کم ہوئی۔