الیکشن 2018 میں آر ٹی ایس سسٹم بند کرنے کی ہدایات دینے والا الیکشن کمیشن کا افسر نکلا۔
انتخابات کی رات رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم ( آر ٹی ایس ) کے ذریعے نتائج آرہے تھے۔ خبر آئی تھی کی رات کو لگ بھگ ساڑھے گیارہ بجے رات کو کسی نے آرٹی ایس بند کرنے کی ہدایات دے دیں۔
اس واقعے کے بعد ایک آڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ایک شخص آرٹی ایس نظام بند کرنے کے احکامات دیتا سنائی دیا۔اس پر ایک تنازع کھڑا ہوا مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ سامنے آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اپنی تحقیقات کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کو واٹس ایپ میسج کے ذریعے احکامات دینے والا الیکشن کمشن کا اپنا افسر نکلا۔ کراچی کے ریجنل الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ آفیسرز کو واٹس ایپ میسج بھیجا۔
انتخابات کے بعد آڈیو میسج سامنے آنے پر الیکشن کمیشن حکام نے آواز پہچاننے سے انکار کردیا تھا۔
سینیٹ کی داخلہ کمیٹی میں معاملہ اٹھنے کے بعد ایف آئی اے کو آڈیوکے فرانزک آڈٹ کے لئےبھی بھیجی گئی مگرایف آئی اے نے بھی آواز کی شناخت سے معذوری ظاہر کردی تھی۔
یاد رہے 26جولائی 2018کو سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے الیکشن کمیشن پریس کانفرنس کی تھی۔بابر یعقوب نے کہا تھا کہ کسی بھی قسم کی دھاندلی کی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آرٹی ایس سسٹم توقعات پر پورا نہیں اترا۔
ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008 کے الیکشن نتائج میں 50 گھنٹے لگے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک 82 فیصد نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ریٹرننگ افسران 90 فیصد رزلٹ کا اعلان کرچکے ہیں اورقومی اسمبلی کے 120 حلقوں کے نتائج مل چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے بھی 60 حلقوں کے نتائج مل گئے ہیں۔