سپریم کورٹ آف پاکستان نے شک کا فائدہ دے کر سزائے موت کے دو قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دو ملزمان کی سزائے موت کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔وکیل اپیل کنندگان نے کہاکہ پہلے مرحلے میں ملزمان کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں کیا گیا۔
ایف آئی آر نامعلوم افراد کے نام پر درج کی گئی،بعد میں سزا یافتہ ملزمان محمد اویس اور شبیر احمد کو شامل تفتیش کیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے شک کا فائدہ دے کر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دےدیا۔
یاد رہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ 23 اکتوبر 2005 کو دو بھائیوں نعیم اور ندیم کا قتل کیا،پولیس نے ملزمان کو 23 نومبر 2005 کو گرفتار کیا،ایڈیشنل سیشن جج ساﺅتھ کراچی نے ملزمان کو پھانسی کی سزا سنائی اور ہائی کورٹ نے سزا کو برقرار رکھا۔