ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی شرح نمو 6 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.9 فیصد رہے گی یوں پاکستانی معاشی ترقی کی رفتارمیں خطرناک کمی واقع ہوجائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معاشی ترقی کی رفتارمیں خطرناک کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ اپنی رپورٹ میں اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ معاشی شرح نمو 6 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.9 فیصد رہے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانی کی قلت پر زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکے گا، سخت مانیٹری پالیسی کے باوجودخسارہ بڑھ رہا ہے،خام مال کی قیمتوں میں اضافے سے ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہے، گیس قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔
ایشیائی بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آخر تک مہنگائی کی رفتار میں مزید اضافہ متوقع ہے، آمدنی میں کمی اور اخراجات میں اضافے سے بجٹ خسارے کا ہدف مشکل ہوگا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتی قرضوں میں کمی سے نجی شعبے کو قرضے کی دستیابی میں اضافہ ہوا، کرنٹ اکاو¿نٹ خسارے میں کمی متوقع ہے تاہم یہ بلند شرح پر رہے گا۔ بیرونی قرضوں کی واپسی کے باعث بھاری غیر ملکی قرضے لینا پڑیں گے۔