مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی نااہل ٹیم نے مہنگائی دگنی اور ترقی کی شرح آدھی کردی۔
ایشین ڈیویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی رپورٹ پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ایمنسٹی اسکیم نالائقی، نااہلی اور منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹرن حکومت نے ٹیکس چوری کا کھلا لائسنس دے دیا ہے،ملکی معیشت کا حال پشاور میٹرو کے 1 ارب میں پڑنے والے کھڈوں جیسا ہوگیا ہے۔
ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ حکومت نالائق، نااہل، جھوٹی ہونے کے ساتھ بدنیت اور بے حس بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے 5اعشاریہ8 فیصد جی ڈی پی سے ترقی کرتا پاکستان نالائق ٹولے کے حوالے کیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ قوم پر بمثل عذاب نالائق ٹولے نے جی ڈی پی ساڑھے3 فیصد کے قریب پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالائق حکومت نے مہنگائی کی شرح کو 8 ماہ میں بڑھا کر 9اعشاریہ4فیصد پر پہنچادیا۔