پنجاب حکومت کی جانب سے وزرا کے لیے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن نے مسترد کر دیا ہے اور پنجاب اسمبلی میں اس کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں مناظر حسین رانجھا کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ریاست مدینہ کے سنہری اصول کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے وزرا کے لیے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سرکاری خزانے سے سترہ کروڑ سنتالیس لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ ہو گی۔
میاں مناظر حسین رانجھا نے اپنی قرارداد میں کہا کہ ایک جانب حکومت کفایت شعاری کا نعرہ لگاتی ہے تو دوسری جانب اپنے وزرا کے لیے شاہ خرچیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ غریب عوام کو کفایت شعاری اختیار کرنے کا مشورہ اور اپنے لیے شاہ خرچیاں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کے اس دوغلے پن پر عوام میں سخت تشویش اور غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنوں کو نوازنے کی بجائے مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کو ریلیف فراہم کرے۔