سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکمرانوں کوایوانوں سے نکال دینے کا وقت آگیاہے ، جلد تحریک کی کال دیں گے ، میں نے الیکشن کے موقع پرہی کہہ دیا تھا کہ یہ 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔
گڑھ خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ”جس دھج سے کوئی متقل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے ، یہ جان تو آنی جانی ہے اس جان کی تو کوئی بات نہیں“،
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید ہوئے چالیس سال ہوگئے ہیں لیکن آج بھی ایسا ہی محسوس ہوتاہے کہ جیسے آج ہی ان کو قبر میں اتارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا زمانہ آیاتو میں نے اپنی تقریروں میں کہا تھا کہ مجھے شک ہے کہ یہ اٹھارویں ترمیم ختم کرنا چاہتے، کچھ نے میری بات کا یقین دلایا اور کچھ نے مذاق اڑایا لیکن آج سلیکٹڈ وزیراعظم خود پھٹ پڑا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے پیسہ اکٹھا نہیں ہورہا ۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیاہے کہ ہم اسلام آباد کی طرف جائیں اور ان کو وہاں سے نکالیں کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھریہ ملک اور پچاس سال پیچھے لے جائیں گے ، مہنگائی میں دگنا اضافہ ہوگیاہے ،غریب کے لیے بجلی کابل دینا مشکل ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کارکن تیار ہوجائیں کہ اب ان کو گھر بھیجنے کا وقت آگیاہے ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں اندر ہوں یا باہر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ان کو اجازت نہیں دے سکتی کہ ملک کاخانہ خراب کریں، ہم ان کی طرح نہیں کریں گے کہ جس طرح یہ کنٹینروں پر بیٹھ کر کرتے تھے شام کوگھر جاتے تھے اور صبح واپس آجاتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں پر ہی بستروں پر بیٹھیں گے اوران کونکال کر واپس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن کہیں ابھی سے صبر کاپیمانہ لبریز نہ کربیٹھیں بلکہ ہم جلد ہی تحریک کی کال دیں گے۔