وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج بھٹو زندہ ہوتے تو پیپلز پارٹی کے خلاف کرپشن احتجاج مارچ کا اعلان کرتے، پیپلزپارٹی عدالتوں کااحترام کرتی ہےتوپھراحتجاج کس کےخلاف ہے؟.
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ بھٹو صاحب نےتو آپ کو کرپشن کے لیے نہیں کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو کا نام استعمال کرکے کرپشن کا حساب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ محض بھٹو سے رشتے داری اور بے نظیر بھٹو کا نام کب تک بیچ کر کھاتے رہیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ اس پیپلزپارٹی کا بھٹو سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا ن لیگ کا قائد اعظم کی مسلم لیگ سے ہے،تقاریر،چیخ وپکار اوردھمکیاں ان کو احتساب سے نہیں بچا سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اور نشے کے عادیوں کا علاج ہو تو وہ مزاحمت کرتے ہیں،آج بھٹو زندہ ہوتے تو پیپلز پارٹی کے خلاف کرپشن احتجاج مارچ کا اعلان کرتے۔