امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

قبل ازیں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وزارت خارجہ میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا وفد کے ہمراہ آمد پرخیرمقدم کیا۔

وفد کی سطح پرمذاکرات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب زلمے خلیل زاد کی وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، جس میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سمیت، باہمی دلچسپی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ کو دوحہ مذاکرات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انٹرا افغان مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کوسراہتے ہوئے کہا کہ افغانیوں کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزوہے، پاکستان، دیرپا تعمیروترقی کے ایجنڈے پرگامزن ہے

ان کا کہناتھا کہ افغانستان میں امن واستحکام پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے جب کہ پاکستان افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے نیک نیتی سے تعاون جاری رکھے گا۔