وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی مشکلات کی ذمے داری آصف زرداری اور نوازشریف پر عائد ہوتی ہے اور بلاول بھٹو، مریم نواز اور حمزہ شہباز ان کے فرنٹ مین ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا گیا، حمزہ شہباز حقیقی لیڈر ہوتے تو آج گرفتاری دے دیتے جب کہ آج لاہور میں نیب کی کارروائی قانونی تھی لیکن نیب کی کارروائی کے جواب میں قانون کا مذاق اڑایا گیا، حمزہ شہباز کے لوگوں نے کار سرکار میں مداخلت کی اور اہلکاروں پر تشدد کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ہیں، شہبازشریف نے منی لانڈرنگ سے بیرون ملک اثاثے خریدے، شہبازشریف فیملی پر 85 ارب کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا مفاد ہے کہ یہ مہم منتقی انجام تک پہنچائیں، ابو بچائو مہم والوں نے ایک روپے نہیں کمایا، ملک میں معیشت، جمہوریت اور اسلام کو کوئی خطرہ نہیں، خطرہ صرف چوروں کو ہے، ان کو ڈراؤنے خواب آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات کی ذمہ داری آصف زرداری اور نوازشریف پر عائد ہوتی ہے، یہ اپنے بچوں کے نام پر پراپرٹی رکھتے ہیں اور بلاول بھٹو، مریم نواز اور حمزہ شہباز ان کے فرنٹ مین ہیں لیکن احتساب کا عمل حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو کی دھمکیوں سے رکنے والا نہیں ۔