اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جاتا تو آج پاکستان میں منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہوچکا ہوتا. وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سابق صدر پرویز مشرف نے حدیبیہ کیس میں شریف فیملی کو این آر او دیا،انہوں نے کہاکہ حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جاتا تو آج پاکستان میں منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہوچکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک منی لاندڑنگ سے متعلق تمام کیسز میں حدیبیہ کیس کا ماڈل استعمال کیا گیا، فرنٹ مینوں کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھیجاگیا اور پھر واپس منگوایا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے پیسے میں یہی ماڈل سامنے آیا ہے، عوام کومقروض بناکر اس خطیر رقم سے کس نے اپنی ذاتی تجوریاں بھری ہیں، عوام کو گمراہ کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ آج مہنگائی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہیں، پچھلے 10 سالوں میں لیے گئے 60 ارب ڈالر بیرونی قرضے کا حساب لیا جانا چاہیے۔