اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ اگر بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں متعین بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت کی جانب سے متوقع کسی بھی جارحیت پر خبردار کیا گیا۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دوٹوک الفاظ میں آگاہ کیا گیا کہ اگر کوئی بھی جارحیت کی گئی تو پاکستان کی جانب سے اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے یہ وارننگ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کےبیان کے بعد دی گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاتھا کہ ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت پاکستان میں ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے، یہ کارروائی 16 سے 20 اپریل کے درمیان کی جاسکتی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت بہانے کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں پلواما جیسا واقعہ بھی کراسکتا ہے، خدانخواستہ ایسا ہوتا ہے تو خطے پر اس کے کیا اثرات پڑسکتے ہیں اس کا اندازہ لگا سکتےہیں۔