وزیراعظم سیکریٹریٹ کے چھٹے فلور پر واقع کمرے میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ کے تیسرے فلور کے باتھ روم میں آگ لگی جس پر وزیراعظم آفس میں موجود آگ بجھانے کے آلات اور فائر بریگیڈ کی بروقت کاروائی سے قابو پا لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور سیکریٹریٹ کی تیسری منزل پر آگ لگنے کے باعث باتھ روم سے دھواں ڈک کے ذریعے چھٹی منزل تک پہنچ گیا، دھوئیں کے باعث وزیراعظم سیکریٹریٹ کے چھٹے فلور پر بدبو پھیل گئی۔
ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں وزیراعظم آفس کے تمام ملازمین محفوظ ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے میں فی الحال کسی ریکارڈ کےجلنے کی اطلاع نہیں اور نہ ریکارڈ جلنے کا نہ خدشہ ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ جس وقت آگ لگی اس وقت وزیراعظم عمران خان میٹنگ روم میں میٹنگ کررہے تھے، آگ کی اطلاع پر بھی وزیراعظم نے میٹنگ جاری رکھی جس پر دوبارہ وزیراعظم کو اطلاع دی گئی کہ دھواں پھیل رہا ہے عمارت سے نکلنا ہوگا۔