تجویز کردہ ناموں کے ساتھ ان ارکان کی سی ویز بھی لف کی گئی ہیں۔فائل فوٹو
تجویز کردہ ناموں کے ساتھ ان ارکان کی سی ویز بھی لف کی گئی ہیں۔فائل فوٹو

قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کے لیے نام تجویز کردیے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کے لیے وزیراعظم کو نام تجویز کردیے۔

جیونیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو جوابی خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے لیے ارکان کے نام تجویز کی ہیں۔

شہبازشریف نے ممبر بلوچستان اور سندھ کے لیے تین تین نام تجویز کیے ہیں جن میں بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی، نورمسکان زئی اور محمد رؤف عطا کے نام شامل ہیں جبکہ سندھ کیلیے جسٹس (ر) عبدالرسول میمن، جسٹس (ر) نور الحق قریشی اور خالد جاوید کے نام تجویز کیے ہیں۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  تجویز کردہ ناموں کے ساتھ ان ارکان کی سی ویز بھی لف کی ہیں۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کے سیکریٹری نے شہبازشریف کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے خط لکھا تھا جس پر اپوزیشن اور اپوزیشن لیڈر نے اعتراض کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود شہبازشریف کو خط لکھ کر الیکشن کمیشن کے ممبران کے نام تجویز کرنے کی درخواست کی تھی۔