پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج تھر میں 330 میگاواٹ کے 2 تھر کول پاور پلانٹس کا افتتاح کردیا ہے۔
سندھ حکومت نے مقامی افراد کو مفت بجلی دینے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا اسلام کوٹ کے عوام کو بجلی مفت ملے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ و پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی،بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئلے کی بجلی پر پہلا حق مقامی لوگوں کا تھا، مقامی لوگوں کو بجلی نہ ملنا ان کے ساتھ زیادتی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ تھر کی بجلی سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا آج تھر کی زمین سے کالا سونا نکل رہا ہے، اس کو کہتے ہیں بہتر حکمرانی، اس کو کہتے ہیں میگا پروجیکٹ، یہ کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، یہ نیا تھر اور نیا پاکستان ہے، باقی سب باتیں، ہم کام کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا بینظیر کا خواب تھا کہ تھر کے کوئلے سے پاکستان کو روشن کر دیں، حکومت نجی شعبے کیساتھ ملکر اچھا کام کر سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے جو تھر میں کر کے دیکھایا ہے اس کو کہتے ہیں گڈ گورننس، آج کا دن پاکستان کی تاریخ کیلیے اہمیت رکھتا ہے، آج ہی کے دن ذوالفقار بھٹو نے 73 کا آئین دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے تھرکول پاور پلانٹس کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ قرار دیا اور ہیش ٹیگ میں واضح کیا کہ ’تھر نے بدلا پاکستان‘۔
خیال رہے تھر کول سے رواں سال جون کے آخری ہفتوں میں کمرشل بنیادوں پر بجلی فراہم کردی جائے گی جب کہ تھرکول سے بننے والی بجلی کے 660 میگا واٹ بجلی گھروں سے بجلی کی تیاری کا آغاز ہوگا، ابتدائی طور پر دونوں پلانٹ سے 100، 100 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔