فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وارننگ کے دو دن بعد کوئٹہ میں دھماکہ- 20 جاں بحق

کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی فروٹ منڈی میں جمعہ کی صبح دھماکے سے 16 افراد جاں بحق اور48 زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کیلئے جاری کردہ ٹریول وارننگ کے محض دو دن بعد ہوا ہے۔ امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان نہ جانے کی ہدایت کی تھی۔

دھماکہ ہزار گنجی کی فروٹ منڈی میں اس وقت ہوا جب پھلوں کی خریدو فروخت جاری تھی اور بڑی تعداد میں تاجر اور پھل فروش منڈی میں جمع تھے۔

انتہائی زور دار دھماکے سے پوری منڈی میں تباہی مچ گئی۔ کئی افراد کے جسم ٹکڑے ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

سرکاری ذرائع نے دھماکے سے20 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں اکثریت ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔ جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اداروں کے اہلکار فروٹ منڈی پہنچ گئے۔ کئی لاشوں کو ایمبولینسوں کے بجائے فروٹ کے ٹرکوں میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے باعث بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ جب کہ امریکہ نے دو روز قبل ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ پاکستان جانے سے گریز کریں۔