گورنر پنجاب اور ق لیگ کے درمیان اختلافات میں شدت آگئی

پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی مسلم لیگ(ق) اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان اختلافات میں شدت آگئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے گور نر کے ’’آب پاک اتھارٹی‘‘ کے پٹیرن انچیف بنانے کی مخالفت کر دی ہے، اسپیکر نے 29 دن سے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے ’’آب پاک اتھارٹی‘‘ کا بل  روک رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گور نر ہاؤس کے 5 سے زائد بار رابطے کے باوجود اسپیکر نے بل حتمی منظوری کے لیے گورنر کو نہیں بجھوایا جس کے بعد بل گورنر ہاؤس منگوانے کے لیے وزارت قانون سے رابطہ کرنے اور دیگرقانونی آپشنز استعمال کر نے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ بل وزیر اعظم عمران خان اور پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے آیا تھا اور  بل روکے جانے کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے علم بھی آچکا ہے۔

ذرائع  کا مزید کہنا ہے کہ(ق) لیگ وعدے کے باوجود چوہدری مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر نہ بنانے پر بھی تحریک انصاف سے ناراض ہے۔