اسلام آباد : وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہاہے کہ پاکستان کے لوگوں کو یقین اور توکل کی ضرورت ہے، مثبت سوچ رکھنے والوں کو کامیابی ملتی ہے.
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم جیسے ممالک کے پاس آبادی ہے لیکن اگر اس آبادی کو ٹرینڈ نہ کیا گیا تو یہ لائبیلٹی بن جائے گی، وہ لوگ جو اپنی سوچ کو مثبت رکھتے ہیں تو کامیابی انہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ناامیدی انسان کو اس کی اوقات تک بھلادیتی ہے، ترقی یافتہ ممالک ہر چیز پر تحقیق کررہے ہیں جو کبھی ہمارا خاصہ تھا، وہ ممالک جو اپنے آپ کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان کے پاس ہیومن ریسورس نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی یہ فیصلہ کرلے کہ نیک نیتی سے کام کریں گے ،لوگوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے ،حکومت کی مدد کریں گے تو پانچ سال میں لوگ ہمارے ملک کی مثال دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جورزق آپ کے حصے میں لکھا ہے وہ آپ کو ملے گا، منحصر آپ پر ہے کہ آپ حرام کرکے کھالیں یا حلال؟۔ انہوں نے کہاکہ دنیانے ہمارے اوپر ففتھ جنریشن وار مسلط کی ہوئی ہے، ہمیں تہیہ کرنا ہوگا کہ مریں گے تو اس مٹی کیلئے،پھر ہی دنیا آپ کے ملک میں سرمایہ کاری کرنا شروع ہوگی۔