خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع پشین میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے طوفان سے کم از کم 12افراد ہلاک ہو گئے۔
ایڈیشل ڈپٹی کمشنر دل نواز وزیر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کی تحصیل طوئی کھلہ میں ایک شادی میں جانے والی گاڑی سیلاب کی زد میں آ گئی اور سب لوگ بہہ گئے۔
سیلاب کی زد میں آ کر 6خواتین جاں بحق جبکہ بقیہ پانچ کو لیویز اہلکاروں اور رضاکاروں نے بچا لیا، سیلاب سے گوشت کی دو دکانوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ جنوبی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر وانا میں سیلابی ریلا 4 گاڑیاں بہا لے گیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وچا کھوارا میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے دو بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ان کی لاشیں جنوبی وزیرستان کے اسکاؤٹس نے نکال لی ہیں جنہوں نے اس کےعلاوہ مزید 5افراد کی جان بھی بچائی۔
بلوچستان میں پشین کے علاقے خانوزئی میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 65سالہ عبدالمنان اپنی گاڑی میں تین پوتوں کے ہمراہ خانوزئی آ رہے تھے کہ سیلاب کے نتیجے میں بھر جانے والے موسمی نالے کو عبور کرنے کی کوشش میں ان کی گاڑی بہہ گئی اور اس کے نتیجے میں وہ سب ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔