مشہورامریکی میگزین ’’ٹائم‘‘ نے وزیراعظم عمران خان کو دنیا کے 100 با اثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
معروف امریکی میگزین ’’ٹائم‘‘ نے سال 2019 کی با اثر افراد کی فہرست جاری کردی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اور دیگر کئی شخصیات شامل ہیں۔
ٹائم میگزین نے عمران خان کے بارے میں لکھا کہ پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ایسے میں ملک کی بھاگ ڈور ایک ایسے شخص کے پاس ہے جس کی حیثیت ایک راک اسٹار کی سی ہے۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد پُرامید ہے کہ عمران خان ملک کو سنگین حالات سے نکال لیں گے۔
سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد مسلمانوں کے دکھ میں شریک نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدرشی جن پنگ، امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرنینسی پلوسی، ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اور پوپ فرانس بھی ٹائم میگزین کی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
دوسری طرف کھیل سے مصری فٹبالر محمد صالح، امریکی گالفر ٹائگرووڈزاورامریکی باسکٹ بال اسٹارلیبرون جیمز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، سابق امریکی صدرباراک اوبامہ کی اہلیہ مشعل اوبامہ، گلوکارہ لیڈی گاگا، ٹیلرسوئفٹ، اداکار و ریسلر ڈیوائن جونسن اور گیم آف تھرونز کی ڈریگن کوئین اداکارہ ایمیلیا کلارک بھی فہرست کا حصہ ہیں۔