گلوبل فنڈزپروگرام نے پاکستان کی امداد بند کر دی۔فائل فوٹو
گلوبل فنڈزپروگرام نے پاکستان کی امداد بند کر دی۔فائل فوٹو

اصل مسئلہ اسد عمر نہیں،استعفیٰ عمران خان کا آنا چاہیے تھا۔مریم اورنگ زیب

پاکستان مسلم لیگ (ن )کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اصل مسئلہ اسد عمر نہیں عمران خان ہیں ،وزیر خزانہ کیساتھ ہی و زیراعظم کا بھی استعفیٰ آنا چاہیے تھا، پاکستان کو معاشی واقتصادی تباہی اور بربادی کا شکار کر کے اسد عمر بڑی آسانی سے گھر چلتے بنے ، نیازی صاحب حکمرانی پر توجہ دینے کے ایشیائی بینک کے مشورے پر توجہ دیں،ملک کے خلاف معاشی دہشت گردی کرنے والوں سے حساب لیاجائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب نے وزیر خزانہ اسد عمر کے مستعفی ہونے پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسد عمر کے ساتھ ہی و زیراعظم عمران خان کا استعفیٰ آنا چاہیے تھا، تحریک انصاف اور اسد عمر کی پالیسیاں اتنی ہی اچھی تھیں اور تمام خرابیوں کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ (ن )ہی تھی تو پھر اسد عمر کو مستعفی ہونے کیلیے کیوں کہا گیا؟۔

انہوں نے کہاکہ اسد عمر کا استعفیٰ اس امر کا اعتراف ہے کہ عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اقتصادی بحران کا شکار ہوا، اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ عمران خان خود ہے، ملک کے خلاف معاشی دہشت گردی کرنے والوں سے حساب لیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی واقتصادی تباہی اور بربادی کا شکار کر کے اسد عمر بڑی آسانی سے گھر چلتے بنے ہیں،آئی ایم ایف کا یہ کہنا کہ پاکستانی معیشت خطے کی معاشی ترقی پر بوجھ بن جائیگی، پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ ایشیائی بینک نے بھی کہہ دیا ہے کہ سی پیک سے بہتری آئیگی، عمران نیازی صاحب غور کریں، نیازی صاحب حکمرانی پر توجہ دینے کے ایشیائی بنک کے مشورے پر توجہ دیں،2018 میں ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ترقی کی شرح چھ فیصد تھی

انہوں نے کہا کہ  گزشتہ 9ماہ میں معاشی بحران کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ ن نہیں بلکہ نااہل اور نالائق وزیراعظم کی کی ٹیم ہے جس کی تصدیق آج خود وزیر اعظم نے کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران نیازی صاحب کو چاہیے کہ اسد عمر کے بعد اب پنجاب کے وسیم اکرم کو خزانے کی ذمہ داری سونپ دیں، عمران نیازی صاحب نے اسد عمر اور پنجاب کے وسیم اکرم کو اپنے بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے دو دن پہلے قوم سے جھوٹ بولا اور اسد عمر کے استعفیٰ کی تردید کی تھی،جس حکومت کا وزیراعظم اور وزیرِ اطلاعات جھوٹا ہو اْسں کی کیا ساکھ رہتی ہے؟ یہ جھوٹی حکومت کے کرائے کے جھوٹے ترجمان ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اصل مسئلہ وزیرخزانہ اسد عمر نہیں وزیر اعظم ہیں، حکومت کا اعتراف ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو پھر کیا ہوا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کیوں اسد عمر کو وزرات خزانہ چھوڑنے کا کہا گیا، اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں۔