اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان تحریک انصاف کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر تحریک انصاف اپنے گندے کپڑے گھر کے اندر دھوئے تو ان کے آدھے مسائل حل ہوجائیں ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگر یہ لوگ اپنی ہلکی پھلکی موسیقی کو کمرے کے اندر حل کرلیں تو عمران خان نہ صرف یہ مدت بلکہ اگلے پانچ سال بھی اس ملک کا وزیر اعظم رہ سکتاہے ۔
انہوں نےکہاکہ وزیر اعظم ہاﺅس میں جو لوگ عمران خان کے گرد منڈلا رہے ہیں وہ بالغ النظر نہیں ہیں ، ان کومیچور ہونے میں وقت لگے گا ، میں پہلے وزیر اعظم ہاﺅس نہیں جاتا تھا لیکن اب میں جایا کروں گا ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جو تبدیلیاں کی گئی ہیں اس کے پیچھے فوج یا کسی ادارے کا کوئی کردار نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ مکمل طور پر عمران خان کااپناہے ، اس حوالے سے جو اینکرز کہے رہے ہیں ، مکمل طور پر غلط ہے ، حفیظ شیخ کوعمران خان جانتے ہیں اور میں بھی اچھی طرح جانتاہوں ، اگر دوسرا شیخ کابینہ میں آگیاہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔