وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیتے ہوئے سیکڑوں ادویات کی اپنی مرضی سے قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں سے اضافی منافع واپس لے کر بیت المال میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنی سفارشات سے آگاہ کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرصحت نے دواساز کمپنیوں کی جانب سے سیکڑوں ادویات میں من پسند اضافے کی نشاندہی کردی ہے ، قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر کمپنیوں نے ڈرگ پالیسی کا نہ صرف غلط استعمال کیا بلکہ اضافے کے لیے ملنے والے ریلیف کا ناجائزہ فائدہ بھی اٹھایا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے،ایران نے تنازع کشمیر کو تسلیم کیاہے ، ایران کے ساتھ کچھ غلط فہمیاں پیدا ہورہی تھیں جن کا تدارک ضروری تھا ،وزیر اعظم کا دورہ بہت اہم تھا،میڈیا کی مثبت تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔
وزیراعظم آئندہ ماہ چین جارہے ہیں،، جلد اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ادویات کی قیمتیں کم کی جائیں گی اور جو منافع کمایا گیاہے اس کو ادویہ ساز کمپنیوں سے واپس لیکر بیت المال میں جمع کروایا جائیگا ۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردو س عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ایران پرکابینہ کو اعتماد میں لیاہے ،پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کے گھر کا چولہا چلے گا ، حکومت عوام کی مشکلات کم کرنا چاہتی۔
ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم چائنہ کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے پردستخط کرنے جارہے ہیں،یہ معاہدہ اس سے قبل بھی کیا گیا تھا لیکن کئی خلا موجود رہے ۔آج کابینہ کو بتایا گیاہے کہ وزیراعظم کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے چائنہ کی طرف سے تمام سہولیات جو آسیان ممالک کوحاصل ہیں،وہی سہولیات پاکستان کوبھی دی جارہی ہیں ، یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی پر جو سابقہ حکومت نے معاہدے کیے ہیں،اس پربھی بریفنگ دی گئی ، اب جو معاہدے ہوں گے ان سے کسی کی ذات کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ پاکستان کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلیے اقدامات پرغورکیاگیاہے ، رمضان میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا جائیگا ،بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے ۔